ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / امیت شاہ کی ریلی میں ”گولی مارو“کے نعروں کی گونج،AMIT SHAH GO BACKکے نعروں کے ساتھ مرکزی وزیرداخلہ کو دکھائے گئے کالے جھنڈے اور کالے غبارے

امیت شاہ کی ریلی میں ”گولی مارو“کے نعروں کی گونج،AMIT SHAH GO BACKکے نعروں کے ساتھ مرکزی وزیرداخلہ کو دکھائے گئے کالے جھنڈے اور کالے غبارے

Mon, 02 Mar 2020 11:55:21    S.O. News Service

کولکاتا،2؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی) دہلی میں نفرت انگیز اور زہر آلودبیانات سے بھڑکی آگ ابھی ٹھنڈی بھی نہیں ہوئی تھی کہ مغربی بنگال کی راجدھانی کولکتہ میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی ریلی میں امن کے سوداگروں نے ”گولی مارو“ کے نعروں سے پورے ماحول کو خراب کردیا ہے-

ایک طرف جہاں امیت شاہ کی آمد پرمودی حکومت کے غیر آئینی فیصلے کے خلاف پورے مغربی بنگال میں کالے جھنڈے کے ساتھ”گوبیک امیت شاہ“ کے پرشگاف نعرے لگ رہے تھے وہیں سی اے اے کے خلاف اٹھنے والی آوازکو دبانے کیلئے بی جے پی کے حامی امیت شاہ کی موجودگی میں ”گولی مارو“ کے نعرے لگارہے تھے-

ٹی وی چینلوں پر لائیوٹیلی کاسٹ کے دوران دکھایا گیا کہ کئی افراد زعفرانی کپڑے پہنے ہوئے اور بی جے پی کا جھنڈا ہاتھ میں لئے ہوئے ہیں اورنعرہ لگارہے تھے کہ گولی ماروغداروں کو -اس درمیان ایک پولیس اہلکار ان لوگوں کو خاموش کراتے ہوئے نظر بھی آرہے ہیں -بی جے پی لیڈروں کے ذریعہ نفرت انگیز بیانات اور سرگرمیوں کو دہلی میں فرقہ وارانہ فسادات کی وجہ بتائی جارہی ہے -

دہلی میں گزشتہ اتوار سے منگل تک بڑے پیمانے پر فرقہ ورانہ فسادات ہوئے -4/دنوں تک غنڈے اور بدمعاش دہلی میں لوگوں کے گھروں کو لوٹتے رہے اور پولیس کوئی بڑا کردار ادا کرنے میں ناکام رہی -اس درمیان 43/افراد کی موت ہوگئی اور250/افراد زخمی ہوگئے-

کولکتہ کے مختلف علاقوں میں بھی دہلی کے شاہین باغ کے طرز پر شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف مظاہرے ہورہے ہیں - ممتا بنرجی اس مہم میں سب سے آگے ہیں اور انہوں نے واضح طور پر اعلان کردیا ہے کہ بنگال میں شہریت ترمیمی ایکٹ، این آر سی اور این پی آر نافذ نہیں ہوگا -

اس ریلی میں ہندتوا کے ووٹ کو متحد کرنے کیلئے امیت شاہ نے ایک بار پھر کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں چاہے جتنی طاقت لگالیں،سی اے اے قانون واپس نہیں لیا جاسکتا- پورے ملک میں بی جے پی کو سخت مخالفت کا سامنا کرناپڑرہاہے لیکن عوام کی بات سننے کیلئے وہ کسی بھی طرح تیار نہیں ہے-

بی جے پی کے خلاف شہر میں کالے جھنڈے لے کر متعدد تنظیموں کے لوگ سڑکوں پر ہیں - مظاہرین میں بڑی تعداد کانگریس کی ہے جبکہ اس میں اسٹوڈنٹ فیڈریشن آف انڈیا اور بائیں بازو کی جماعتوں کے کارکن بھی شامل ہیں -

دم دم ائیرپورٹ سے کچھ کلو میٹر کے فاصلے پر کانگریس کارکنوں اور بائیں بازو کے کارکنوں نے ہاتھوں میں پوسٹراور بینر اٹھا رکھے تھے اور ’امیت شاہ گو بیک‘ کے نعرے لگا رہے تھے-

واضح رہے کہ بی جے پی سی اے اے کی حمایت میں ملک کے مختلف مقامات پر عوامی جلسوں کا انعقاد کر رہی ہے- اسی سلسلہ میں کولکتہ میں بھی ایک جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا ہے-

ریلی کے دوران جب امیت شاہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ پر تابڑ توڑ حملے کررہے تھے،ٹھیک اسی وقت این سی پی کے سربراہ شردپوار نے مرکز پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ دہلی انتخابات میں ہزیمت آمیز شکست سے مودی اور امیت شاہ بوکھلائے ہوئے ہیں،جس کی وجہ سے وہ اناپ شناپ بک رہے ہیں اور اسی کا خمیازہ دہلی کے شمال مشرقی علاقوں کو بھگتنا پڑرہاہے-


Share: